امریکی کانگریس کے وفد کی اسحاق ڈار سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
پاکستان اور امریکا نے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، آئی ٹی، توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ امریکی کانگریس کے 2 رکنی وفد نے پیر کے روز نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں باہمی تعاون اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امریکی کانگریسی وفد میں کانگریس کے ارکان ریان زنکے اور مائیکل باؤمگارٹنر شامل تھے۔ اسحاق ڈار نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے اس بات پر زور دیا کہ پارلیمانی سطح پر روابط کا تسلسل باہمی اعتماد کو فروغ دینے اور پاکستان و امریکا کی دیرینہ شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ اس موقع پر علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی کانگریسی وفد نے امریکا میں مقیم پاکستانی برادری کی معیشت اور معاشرے کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل قرار دیا۔ وفد نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور سفارتی کوششوں کی بھی تعریف کی۔