پاکستان - 09 مارچ 2026
25 سال بعد پنجاب میں بسنت بحال ‘ پتنگ بازی کی مشروط اجازت، سخت سزائیں اور ضابطے نافذ
پاکستان - 03 دسمبر 2025
پنجاب میں تقریباً 25 برس بعد بسنت اور پتنگ بازی کی روایتی سرگرمی کو باضابطہ طور پر دوبارہ اجازت دے دی گئی ہے۔
صوبائی حکومت نے بسنت منانے کی مشروط اجازت سے متعلق آرڈیننس جاری کیا جس پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے دستخط کر دیے۔ 2001 کی پابندی کے بعد پہلی مرتبہ یہ تہوار قانونی حیثیت کے ساتھ بحال ہوا ہے۔
آرڈیننس کے مطابق بسنت اور پتنگ بازی سخت شرائط کے تحت ہی ممکن ہوگی۔ خلاف ورزی کی صورت میں کم از کم تین سے پانچ سال تک قید اور 20 لاکھ روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ 18 سال سے کم عمر افراد پتنگ بازی نہیں کرسکیں گے، اور خلاف ورزی پر والدین یا سرپرست ذمہ دار ہوں گے۔ پہلی خلاف ورزی پر 50 ہزار جبکہ دوسری بار ایک لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔
پتنگ بازی کے دوران صرف روایتی دھاگے والی ڈور کی اجازت ہے، جبکہ دھاتی، کیمیکل لگی اور تیز دھار مانجے والی ڈور مکمل طور پر ممنوع رہے گی۔ اس قانون کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ساتھ ہی بسنت کے دوران موٹرسائیکل سواروں کے لیے بھی خصوصی حفاظتی اصول مقرر کیے گئے ہیں۔
پولیس کو مشکوک گھروں اور مقامات کی تلاشی کا اختیار بھی دے دیا گیا ہے، جبکہ جرم کو ناقابلِ ضمانت قرار دیا گیا ہے۔ پورے پنجاب میں پتنگ اور ڈور کی فروخت صرف رجسٹرڈ دکاندار ہی کر سکیں گے۔
ہر پتنگ اور ڈور پر ایک منفرد کیو آر کوڈ ہوگا جس سے فروخت کنندہ اور بنانے والے کی شناخت ممکن ہو گی۔ پتنگ و ڈور تیار کرنے والوں کی رجسٹریشن بھی لازمی ہوگی۔
اسی طرح پتنگ بازی کی ایسوسی ایشنز کو اپنے اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے پاس رجسٹر ہونا ہوگا، جبکہ خلاف ورزی کی اطلاع دینے والے افراد کی قانونی سرپرستی اور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے بسنت کی بحالی کو ’’تین دہائیوں بعد پنجاب کی ثقافتی روایات کی خوشگوار واپسی‘‘ قرار دیا ہے۔
دیکھیں

