Pakistan
اورنگی ٹاؤن: ڈکیتی مزاحمت پر شہری کے قتل کے بعد مشتعل عوام نے ڈاکو کو پکڑ کر آگ لگا دی
کراچی کے اورنگی ٹاؤن میں ایک شہری کے ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر قتل ہونے کے واقعے کے بعد مشتعل عوام نے مبینہ ڈاکو کو پکڑ کر تشدد کرنے کے بعد آگ لگا دی۔
ذرائع کے مطابق یہ واقعہ سیکٹر سیون ایف بلوچ گوٹھ میں پیش آیا، جہاں عبدالحنان نامی شہری ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔
واقعے کے بعد ہجوم نے ڈاکو کو پکڑ کر بجلی کے کھمبے سے باندھا، تشدد کیا اور پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ اس پورے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
غفلت برتنے پر ایس ایچ او اورنگی ٹاؤن یوسف مہر کو معطل کر کے ہیڈ کوارٹر ویسٹ رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق ویڈیو کی بنیاد پر تین مقدمات درج کیے گئے ہیں:
- عبدالحنان کے قتل کا مقدمہ، جس میں ڈکیتی اور دیگر دفعات شامل ہیں۔
- ہلاک ڈاکو کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ برآمد ہونے کا مقدمہ۔
- پولیس کی مدعیت میں ہجوم کے 30 سے 35 افراد کے خلاف مقدمہ، جس میں ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت ساجد ولد زرین داد کے نام سے کی گئی۔
پولیس نے کہا کہ موبائل فون کی ویڈیوز کی مدد سے ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔