فضیلہ قاضی کی جدید دلہنوں کو نصیحت,,ٹرینڈز کے بجائے شادی کے اصل مقصد پر توجہ دیں
پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ فضیلہ قاضی نے جدید دور کی دلہنوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ نت نئے ٹرینڈز کے پیچھے بھاگنے کے بجائے شادی کے اصل مقصد اور عملی زندگی پر زیادہ توجہ دیں۔
ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فضیلہ قاضی کا کہنا تھا کہ ان کے نزدیک شادیوں پر ضرورت سے زیادہ تیاریوں کی کوئی خاص اہمیت نہیں۔
اگر کسی کو بہت سی تیاریاں کرنی ہی ہیں، تو انہیں پہلے سے منظم کرلینا چاہیے۔
ماڈرن دلہنوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج میڈیا نے اتنی ہائپ پیدا کر دی ہے کہ ہر لڑکی خود کو کسی ڈرامے کی ہیروئن سمجھنے لگی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈرامے اور فلمیں ایک فینٹسی ہوتی ہیں، جبکہ اصل زندگی میں اتنی پرفیکشن ممکن نہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ جب لڑکیاں خود کو ہیروئن تصور کرتی ہیں، تو وہ چاہتی ہیں کہ ان کے کپڑوں کی میچنگ، شادی کی اینٹری اور ہر لمحہ ڈرامے جیسا ہو۔
آج کی لڑکیاں شادی کے دن کو “my day” کہہ کر اسے ایک منفرد تقریب بنانے کی خواہش رکھتی ہیں۔
فضیلہ قاضی نے مزید کہا کہ اگرچہ شادی کا دن دلہن کا ہوتا ہے، مگر اس کے بعد کی زندگی اور اس کا استحکام زیادہ اہم ہے۔
“اگر شادی کے دن کوئی خواہش پوری نہ ہو سکے، تو آنے والی زندگی بہت سے خواب پورے کرنے کی گنجائش رکھتی ہے،” انہوں نے کہا۔