کراچی بلیوز نے سیالکوٹ کو شکست دے کر قائداعظم ٹرافی 2025 جیت لی

news-banner

کھیل - 05 دسمبر 2025

کراچی بلیوز نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے قائداعظم ٹرافی 2025 کے فائنل میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سیالکوٹ کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ 

 

عبد اللہ فضل اور ہارون ارشد کی بہترین سنچریوں نے کراچی بلیوز کی کامیابی میں مرکزی کردار ادا کیا، جبکہ فاسٹ بولر ثاقب خان نے دوسری اننگز میں 5 اور مجموعی طور پر 9 وکٹیں حاصل کرکے جیت کو یقینی بنایا۔

 

اس فتح کے ساتھ کراچی بلیوز نے ٹورنامنٹ کی تاریخ میں اپنا تیسرا ٹائٹل جیت لیا، جبکہ دفاعی چیمپئن سیالکوٹ ٹائٹل برقرار رکھنے میں ناکام رہا۔

 

533 رنز کے دشوار ہدف کے تعاقب میں سیالکوٹ کی ٹیم آخری روز 314 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

 

 ثاقب خان نے اوپنر ازان اویس کو 11 رنز پر ایل بی ڈبلیو کر کے آغاز میں ہی دباؤ بڑھایا، جو پورے میچ میں برقرار رہا۔

 

 ابتدائی نقصان کے بعد عبداللہ شفیق اور محمد حریرہ نے 46 رنز کی پارٹنرشپ سے اسکور 81 تک پہنچایا، تاہم سیالکوٹ کی مزاحمت زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی۔

 

عبداللہ شفیق نے 98 گیندوں پر 59 رنز کی اہم اننگز کھیلی اور مڈل آرڈر کے ساتھ متعدد شراکتیں جوڑیں، مگر وہ سیالکوٹ کو جیت کے قریب نہ لا سکے۔ 

 

میچ کا اختتام اس وقت ہوا جب ثاقب خان نے محمد حسنین کو بولڈ کرتے ہوئے کراچی بلیوز کی جیت پر مہر ثبت کر دی۔

 

20.1 اوورز میں 5 وکٹیں لینے والے ثاقب خان نے سیزن میں مجموعی طور پر 47 وکٹیں حاصل کیں اور سب سے کامیاب بولرز میں دوسرے نمبر پر رہے۔ 

 

فائنل میں 88 اور 114 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر عبد اللہ فضل کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔