آئی پی ایل: سابق کرکٹر کا 3 کروڑ روپے میں پانچ میچ فکس کرنے کا اعتراف
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے متعلق مبینہ فکسنگ کا ایک نیا معاملہ سامنے آیا ہے، جس میں سابق رنجی ٹرافی کرکٹر رچت بھاٹیا نے ایک اسٹنگ آپریشن کے دوران دعویٰ کیا ہے کہ اس نے آئی پی ایل 2025 کے 5 میچز کے لیے سٹے بازوں کو اندرونی معلومات فراہم کرکے مجموعی طور پر تقریباً 3 کروڑ بھارتی روپے حاصل کیے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی اور ہریانہ کی جانب سے رنجی کرکٹ کھیلنے والے رچت بھاٹیا نے دعویٰ کیا کہ اسے ہر میچ سے متعلق اندرونی معلومات فراہم کرنے کے عوض تقریباً 60 لاکھ بھارتی روپے ملتے تھے۔ اس طرح 5 میچز سے حاصل ہونے والی رقم تقریباً 3 کروڑ روپے بنتی ہے۔
رچت بھاٹیا کے مطابق وہ سٹے بازوں سے رابطے کے لیے اسنیپ چیٹ استعمال کرتا تھا اور انہیں ٹیموں سے متعلق ایسی معلومات فراہم کرتا تھا جو عام لوگوں کے لیے دستیاب نہیں ہوتی تھیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سابق کرکٹر نے دہلی پریمیئر لیگ کے حوالے سے بھی اسی نوعیت کے دعوے کیے ہیں۔ بھاٹیا کے مطابق وہ پلیئنگ الیون سمیت ٹیموں سے متعلق دیگر اندرونی معلومات بھی سٹے بازوں تک پہنچاتا رہا۔
اسٹنگ آپریشن کے دوران رچت بھاٹیا نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ 2018-19 کی سید مشتاق علی ٹرافی کے ایک میچ میں اس نے جان بوجھ کر 2 وائیڈ گیندیں کرانے کے عوض 16 لاکھ بھارتی روپے وصول کیے تھے۔
سابق کرکٹر نے مزید دعویٰ کیا کہ 2018-19 کے سیزن میں ناگالینڈ کی رنجی ٹیم میں اپنی سلیکشن یقینی بنانے کے لیے اس نے 15 لاکھ بھارتی روپے بطور رشوت ادا کیے تھے۔
یہ تمام دعوے اسٹنگ آپریشن میں رچت بھاٹیا سے منسوب کیے گئے ہیں اور ان الزامات کی باضابطہ تحقیقات یا متعلقہ کرکٹ حکام کی حتمی تصدیق سامنے آنے کے بعد ہی ان کی مکمل حقیقت واضح ہوسکے گی۔