مارک ووڈ کا تمام فارمیٹس کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
انگلینڈ کے فاسٹ بولر مارک ووڈ نے تمام فارمیٹس کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔
اپنے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے مارک ووڈ نے کہا کہ ان کے خیال میں انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے کا یہ بہترین وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے طویل کیریئر کے دوران انہیں متعدد انجریز کا سامنا کرنا پڑا، تاہم انگلینڈ کی نمائندگی کرنا ان کے لیے ہمیشہ ایک شاندار احساس رہا۔
مارک ووڈ نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کے دوران انگلینڈ کی جانب سے تینوں فارمیٹس میں نمائندگی کی۔ انہوں نے 38 ٹیسٹ، 70 ایک روزہ بین الاقوامی اور 38 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔
انگلش فاسٹ بولر اپنے کیریئر کے دوران تیز رفتاری سے بولنگ کے لیے نمایاں رہے، تاہم مختلف اوقات میں انجریز کے باعث انہیں کرکٹ سے دور بھی رہنا پڑا۔
مارک ووڈ نے کہا کہ انجریز کی مشکلات کے باوجود انگلینڈ کے لیے کھیلنے کا تجربہ ان کے لیے ہمیشہ خاص رہا اور اب وہ سمجھتے ہیں کہ انٹرنیشنل کرکٹ سے الگ ہونے کا مناسب وقت آگیا ہے۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے بھی مارک ووڈ کے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کے بعد ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے مستقبل کے سفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔