پاکستان کا یمن میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت کا اعادہ

news-banner

دنیا - 27 دسمبر 2025

دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ پاکستان یمن میں بدلتی ہوئی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور وہاں امن و استحکام کے قیام کے لیے جاری کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

 

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان یمن میں امن کے لیے سعودی عرب کی سفارتی کاوشوں کی تائید کرتا ہے اور امید رکھتا ہے کہ یہ اقدامات ملک میں دیرپا اور پائیدار امن کی راہ ہموار کریں گے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے یمن کے استحکام کے لیے کی جانے والی کوششیں بھی قابلِ تحسین ہیں، جبکہ پاکستان یمن کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام پر زور دیتا ہے۔

 

وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ توقع ہے تمام فریقین ایسے یکطرفہ اقدامات سے گریز کریں گے جو کشیدگی میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں، اور معاملات کو بات چیت کے ذریعے سیاسی حل کی طرف لے جایا جائے گا۔

 

بیان میں یہ بھی یاد دلایا گیا کہ یمن کے مستعفی صدر منصور ہادی اور جنوبی یمن کی عبوری کونسل سے وابستہ مسلح گروہوں کے درمیان کشیدگی بدستور برقرار ہے، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے جھڑپیں ہو رہی ہیں۔

 

یہ تصادم چند برس قبل عدن میں شروع ہوئے تھے، جو بعد ازاں جزیرہ سقطری اور دیگر علاقوں تک پھیل گئے، جہاں ان جھڑپوں کے دوران سینکڑوں افراد ہلاک یا زخمی ہو چکے ہیں۔