سوشل میڈیا پر سمگل شدہ سامان کی فروخت کے خلاف حکومتی کریک ڈاؤن کا فیصلہ

news-banner

پاکستان - 27 دسمبر 2025

حکومت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سمگل شدہ اور نان کسٹم پیڈ سامان فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

 

ذرائع کے مطابق یکم جنوری سے ایسے افراد اور صفحات کی باقاعدہ مانیٹرنگ شروع کی جائے گی جو سوشل میڈیا کے ذریعے اسمگل شدہ یا لاٹ کا مال فروخت کر رہے ہیں، جبکہ ان کی سرگرمیوں سے متعلق ڈیٹا بھی اکٹھا کیا جائے گا۔ 

 

حکام کی جانب سے اس مقصد کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور مختلف ڈیجیٹل ٹولز استعمال کیے جائیں گے۔

 

ذرائع نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر سمگلنگ میں ملوث افراد کے موبائل نمبرز اور دیگر تفصیلات حاصل کی جائیں گی، جبکہ سمگل شدہ الیکٹرونکس، گھریلو آلات، جوتے اور کپڑے فروخت کرنے والوں کا ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔

 

اسی طرح سمگل شدہ میک اپ اور بیوٹی مصنوعات، کمبل، چادریں اور قالین فروخت کرنے والوں کی نشاندہی بھی کی جائے گی، جبکہ غیر قانونی طور پر درآمد شدہ ٹائرز، گاڑیوں کے پرزہ جات اور آلات بیچنے والوں کا ڈیٹا بھی جمع کیا جائے گا۔

 

ذرائع کے مطابق لیپ ٹاپ، کروم بکس، کمپیوٹرز، چولہے، کوکنگ رینجز، اون، کراکری، جوسرز، چاپرز اور دیگر گھریلو اشیاء فروخت کرنے والوں کی تفصیلات بھی ریکارڈ کا حصہ ہوں گی۔

 

اس کے علاوہ سمگل شدہ خشک میوہ جات، ٹن فوڈز، جام، جیلی، فرنیچر، شو پیسز، سینٹری فٹنگز اور دیگر اشیاء کی آن لائن تشہیر اور فروخت کرنے والوں کو بھی نگرانی کے دائرے میں لایا جائے گا۔

 

ایف بی آر ذرائع کے مطابق سمگلڈ سامان فروخت کرنے والوں کو ای میلز اور موبائل نمبرز کے ذریعے ٹریس کیا جائے گا، جبکہ شناخت کے لیے نادرا سے بھی تعاون حاصل کیا جائے گا اور ملوث افراد کو قانونی نوٹس جاری کیے جائیں گے۔