وزیراعظم شہباز شریف کا بینظیر بھٹو شہید کی برسی پر خراجِ عقیدت، جمہوریت کے لیے جدوجہد کو سراہا

news-banner

پاکستان - 27 دسمبر 2025

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج پاکستان اپنی عظیم رہنما اور سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی برسی منا رہا ہے، جنہوں نے جمہوریت، عوامی حقوق اور وفاقِ پاکستان کے استحکام کے لیے غیر معمولی جدوجہد کی۔

 

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو نے سیاسی عمل میں رواداری، برداشت اور ہم آہنگی جیسے مثبت رویّوں کو فروغ دیا، جو جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہیں۔

 

 انہوں نے کہا کہ محترمہ کی ملک و قوم کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ بینظیر بھٹو کی سیاسی وراثت حب الوطنی کے جذبے سے عبارت ہے۔

 

 خواتین کو بااختیار بنانے، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور پاکستان کو ایک پُرامن، ترقی پسند اور جمہوری ریاست بنانے کے لیے ان کے اقدامات قابلِ تحسین ہیں، جبکہ ان کی قربانیاں قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

 

وزیراعظم نے اس موقع پر اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان میں رواداری، قانون کی حکمرانی، برداشت اور عوامی فلاح کے مشن کو آگے بڑھایا جائے گا، جس کے لیے بینظیر بھٹو شہید نے اپنی جان قربان کی۔

 

آخر میں وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ بینظیر بھٹو شہید کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ اور چاہنے والوں کو صبرِ جمیل نصیب کرے۔