سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو شہید کی 18ویں برسی، ملک بھر میں تقریبات اور خراجِ عقیدت

news-banner

پاکستان - 27 دسمبر 2025

پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 18ویں برسی آج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔

 

 اس موقع پر سندھ بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ گڑھی خدا بخش میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں اور تقریباً 10 ہزار پولیس اہلکار تعینات ہیں۔

 

خاتونِ اول آصفہ بھٹو نے گڑھی خدا بخش میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے مزاروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ 

 

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار اور دیگر سیاسی رہنما بھی مزار پر پہنچے اور شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا، جبکہ جیالوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 

میئر سکھر کی قیادت میں پیدل قافلہ گڑھی خدا بخش کی جانب روانہ ہوا، جبکہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور صدرِ مملکت آصف علی زرداری آج گڑھی خدا بخش میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

 

راولپنڈی کے لیاقت باغ میں بھی بے نظیر بھٹو کی جائے شہادت پر کارکنان کی آمد کا سلسلہ جاری رہا، جہاں فاتحہ خوانی کی گئی۔

 

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ بینظیر بھٹو کی زندگی اس بات کا درس دیتی ہے کہ انصاف کے لیے پُرامن جدوجہد کی جائے۔

 

 انہوں نے کہا کہ نفرت اور انتقام کی سیاست کے بجائے اتحاد اور جمہوریت کو فروغ دینا ہی اصل بدلہ ہے، کیونکہ محترمہ فرقہ واریت اور عدم برداشت کے خلاف تھیں۔

 

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ دخترِ مشرق کی زندگی جرات، ہمدردی اور عزم کا حسین امتزاج تھی۔

 

 ان کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو جمہوریت کی جدوجہد میں آخری سانس تک ثابت قدم رہیں اور بلا خوف و خطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ اپنے وقت سے آگے سوچ رکھنے والی کرشماتی رہنما تھیں، جو صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں، اور ان کی جدوجہد آج بھی رہنمائی فراہم کر رہی ہے۔