پاکستانی ڈیمارش پر برطانوی ہائی کمیشن نے ردعمل دیا، قانون کے مطابق کارروائی کی یقین دہانی

news-banner

دنیا - 27 دسمبر 2025

پاکستانی وزارتِ خارجہ کی جانب سے برطانیہ میں پاکستانی قونصلیٹ کے سامنے احتجاج کے حوالے سے ڈیمارش جاری کرنے پر ترجمان برطانوی ہائی کمیشن نے بھی اپنا ردعمل دیا ہے۔

 

ترجمان نے کہا کہ برطانیہ میں پولیس اور پراسیکیوشن حکومت سے آزاد ہو کر کام کرتے ہیں اور اگر کسی غیر ملکی حکومت کو جرم کا شبہ ہو تو متعلقہ شواہد پولیس لائژن کے ذریعے فراہم کیے جا سکتے ہیں۔

 

 انہوں نے مزید کہا کہ فراہم کردہ مواد کو برطانوی پولیس قانون کے مطابق جانچے گی، اور اگر قانون شکنی یا جرم کا ثبوت ملا تو فوجداری تحقیقات شروع کی جا سکتی ہیں۔

 

 ہر معاملہ برطانوی قانون کے دائرہ کار میں حل کیا جائے گا۔

 

واضح رہے کہ یہ ڈیمارش پاکستانی وزارتِ خارجہ کی جانب سے اس احتجاج کے بعد کیا گیا جس میں برطانیہ میں پاکستان کی ایک سیاسی جماعت کے آفیشل اکاؤنٹ کے ذریعے مظاہرین کو جمع کیا گیا تھا۔

 

 احتجاج کے دوران مظاہرین نے چیف آف ڈیفنس فورسز کے خلاف اشتعال انگیز زبان استعمال کی اور دھمکیاں دی گئیں، جن میں کہا گیا کہ فیلڈ مارشل کو کار بم دھماکے میں ہلاک کیا جائے گا۔

 

وزارتِ خارجہ نے برطانوی حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔