پاکستان کی علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں، ہر خلاف ورزی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا: فیلڈ مارشل عاصم منیر

news-banner

پاکستان - 31 دسمبر 2025

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی علاقائی سالمیت کی کسی بھی خلاف ورزی کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں 18ویں قومی ورکشاپ برائے بلوچستان کے شرکا سے ملاقات اور خطاب کیا۔

 

اس موقع پر بلوچستان کی معاشی و سماجی ترقی اور ملک کے لیے اس کی اسٹریٹجک اہمیت پر تفصیلی غور کیا گیا۔

 

اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ عناصر بدامنی پھیلا کر بلوچستان کی ترقی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم سیکیورٹی فورسز ایسے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں۔

 

انہوں نے زور دیا کہ بلوچستان کے مستقبل کو پائیدار خوشحالی سے جوڑنے کے لیے ذاتی اور سیاسی مفادات کو بالائے طاق رکھنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کو دہشتگردی اور عدم استحکام سے پاک بنانے کے لیے سخت اور مؤثر کارروائیاں جاری رہیں گی۔

 

علاقائی امن و استحکام کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاک فوج شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار اور سرگرم ہے۔

 

انہوں نے بلوچستان کے عوام کی حب الوطنی اور ثابت قدمی کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ صوبہ پاکستان کی مجموعی ترقی اور خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

 

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ترقیاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی فلاح پر مبنی منصوبے صوبے کی معاشی صلاحیت کو بروئے کار لانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

 

انہوں نے سول سوسائٹی کے تعمیری کردار کو بھی سراہا، خصوصاً منفی پروپیگنڈے کے تدارک اور پائیدار ترقی کے فروغ میں ان کی خدمات کو اہم قرار دیا۔ ورکشاپ کا اختتام سوال و جواب کے سیشن پر ہوا۔