پاکستان - 01 جنوری 2026
اعتماد سازی کیلئے صدر، وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی سمیت پانچ رہنماؤں کی ملاقات ضروری ہے، رانا ثناءاللّٰہ
پاکستان - 01 جنوری 2026
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللّٰہ نے کہا ہے کہ ملکی سیاسی صورتحال میں بہتری کیلئے صدر مملکت، وزیراعظم، بانی پی ٹی آئی اور دیگر اہم سیاسی رہنماؤں کو اعتماد سازی کے لیے ایک ساتھ بیٹھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس تجویز پر پیپلز پارٹی بھی متفق ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’’کیپیٹل ٹاک‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کے خلاف چلنے والی مہم روک دے تو حالات میں مثبت تبدیلی آ سکتی ہے اور بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی راہ بھی ہموار ہو سکتی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ جن سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے اداروں کے خلاف مہم چل رہی ہے، انہیں بند کیا جانا چاہیے اور پی ٹی آئی قیادت کو ان سے واضح لاتعلقی اختیار کرنا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کہنا کافی نہیں کہ پارٹی کا ان اکاؤنٹس پر کوئی کنٹرول نہیں۔
رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی 8 فروری کی اپیل کامیاب نہیں ہوگی اور پہیہ جام نہیں ہو پائے گا۔
ان کے مطابق حقیقی بریک تھرو اسی وقت ممکن ہے جب شہباز شریف، آصف علی زرداری اور بانی پی ٹی آئی سمیت پانچ اہم شخصیات کے درمیان اعتماد سازی کے اقدامات ہوں، محض انفرادی رابطوں سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔
دیکھیں

