پاکستان - 02 جنوری 2026
وفاقی کابینہ نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات ایک بار پھر ملتوی کرنے کی منظوری دے دی
پاکستان - 02 جنوری 2026
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا مختصر اجلاس منعقد ہوا جس میں کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 3 دسمبر اور 30 دسمبر کے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق نئی قانون سازی پر غور کیا گیا، جس پر چیف کمشنر اسلام آباد نے کابینہ کو تفصیلی بریفنگ دی۔
وفاقی کابینہ نے بلدیاتی انتخابات ایک بار پھر ملتوی کرنے کی منظوری دے دی۔
کابینہ نے اسلام آباد میں پنجاب طرز کے بلدیاتی نظام سے متعلق قانون سازی کی بھی منظوری دی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے لیے 15 فروری کی تاریخ مقرر کی تھی جبکہ نتائج 16 سے 19 فروری کے درمیان مرتب ہونا تھے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کابینہ اراکین کو نئے سال کی مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
انہوں نے پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز کی نجکاری کو ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بڈنگ کا عمل مکمل طور پر شفاف رہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے آغاز ہی میں خسارے میں چلنے والے ریاستی اداروں کی نجکاری کا عزم کیا تھا اور پی آئی اے کی نجکاری اس سمت ایک اہم سنگِ میل ہے، جو حکومت کے معاشی اصلاحات کے ویژن کا حصہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں جی ڈی پی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکال کر معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کیا ہے۔
وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے حالیہ ملاقاتوں کو دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے مفید قرار دیا۔
انہوں نے سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے حالیہ ٹیلی فونک رابطے کا بھی ذکر کیا جس میں پاک سعودی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹیو کیسز اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کے مختلف اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی، جن میں آف گرڈ کیپٹو پاور پلانٹس لیوی، صارفین کو ریلیف اور متعلقہ قوانین میں ترمیم کے صدارتی آرڈیننس کی منظوری بھی شامل ہے۔
دیکھیں

