جو بائیڈن کو ریکارڈ ریٹائرمنٹ پنشن، امریکی تاریخ کی بلند ترین ادائیگی
امریکا کے سابق صدر جو بائیڈن کو صدارت ختم ہونے کے بعد ایک ایسی ریٹائرمنٹ پنشن مل رہی ہے جو امریکی تاریخ میں اب تک کی سب سے زیادہ رقم قرار دی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق 83 سالہ جو بائیڈن کو سالانہ تقریباً 4 لاکھ 17 ہزار ڈالر پنشن دی جا رہی ہے، جو ان کی بطور صدر سالانہ تنخواہ سے بھی زیادہ ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ رقم سابق صدر باراک اوباما کو ملنے والی ریٹائرمنٹ آمدن کے مقابلے میں تقریباً دوگنی ہے۔
نیشنل ٹیکس پیئر یونین فاؤنڈیشن کے تجزیے کے مطابق بائیڈن کی غیر معمولی پنشن ان کے طویل سیاسی سفر کا نتیجہ ہے، جس میں چار دہائیوں پر محیط سینیٹ کی رکنیت، نائب صدارت اور صدارت شامل ہیں۔
اطلاعات کے مطابق بائیڈن کو سابق صدر کی حیثیت سے سالانہ تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر ملتے ہیں، جبکہ کانگریس کی سول ریٹائرمنٹ اسکیم کے تحت اضافی ادائیگی شامل ہونے سے مجموعی رقم 4 لاکھ 17 ہزار ڈالر تک پہنچ جاتی ہے۔
پنشن کے علاوہ امریکی قانون کے تحت سابق صدور کو دفاتر، عملہ اور دیگر سرکاری سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں، جن کے لیے 2026 کے بجٹ میں بائیڈن کے لیے 15 لاکھ ڈالر سے زائد مختص کیے گئے ہیں۔ ان مراعات پر کانگریس میں تنقید جاری ہے، تاہم تاحال کوئی اصلاحاتی قانون منظور نہیں ہو سکا۔