پاکستان - 09 جنوری 2026
قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے مسلح افواج ہمہ وقت تیار اور چوکس ہیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر
پاکستان - 08 جنوری 2026
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی جغرافیائی سرحدوں کے دفاع اور داخلی سلامتی کے تحفظ کیلئے مکمل طور پر مستعد اور الرٹ ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فوجی فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں، تربیتی معیار اور جنگی صلاحیتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہیں جدید خطوط پر تربیت اور جنگی استعداد بڑھانے سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل نے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی خصوصی فیلڈ ٹریننگ مشق کا مشاہدہ کیا، جس میں جدید جنگی آلات اور ٹیکنالوجیز کے عملی استعمال کا مظاہرہ کیا گیا۔
یہ مشق مستقبل کے جنگی تقاضوں کے مطابق پاک فوج کی جدت، لچک اور پیشہ ورانہ مہارت کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے فوجی جوانوں کیلئے فراہم کی گئی اسپورٹس اور تفریحی سہولیات کا بھی معائنہ کیا اور جسمانی فٹنس، ذہنی مضبوطی اور بلند مورال کی اہمیت پر زور دیا۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے سی ایم ایچ لاہور کے ہائی کیئر سینٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جدید طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور میڈیکل اسٹاف کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قومی سلامتی کو درپیش کسی بھی خطرے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج نظم و ضبط، اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار اور بے لوث قومی خدمت کے جذبے کو فروغ دے رہی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاک فوج ہر قسم کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔
اس موقع پر لاہور گیریژن پہنچنے پر کور کمانڈر لاہور نے چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا۔
دیکھیں

