پاکستان - 09 جنوری 2026
پنجاب حکومت پراپرٹی اونر شپ ایکٹ میں ترامیم کے لیے تیار، سول جج کو عدالت میں درخواستیں بھیجنے کا اختیار دیا جائے گا
پاکستان - 09 جنوری 2026
پنجاب حکومت نے پراپرٹی اونر شپ ایکٹ میں عدالتی اختیارات کی واپسی کے لیے ترامیم لانے کی تیاری کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق نئی مجوزہ ترامیم میں ریٹائرڈ سیشن ججز پر مشتمل ٹربیونل ختم کرکے حاضر سروس ایڈیشنل سیشن ججز کو ٹربیونل کے طور پر خدمات دینے کا انتظام کیا جائے گا۔
ضلع کمیٹیوں کو درخواستیں بھیجنے کا اختیار سول جج کے پاس ہوگا، جبکہ کمیٹی براہ راست زیر التوا کیسز پر فیصلہ نہیں کرے گی۔
لاہور ہائی کورٹ نے پراپرٹی اونر شپ آرڈیننس کے خلاف درخواستوں پر حکم امتناع جاری کیا تھا، جس کے بعد پنجاب حکومت نے معاملے کے حل کے لیے اعلیٰ سطح کی قانونی کمیٹی تشکیل دی۔
ذرائع کے مطابق نئی ترامیم کے تحت پراپرٹی اونر شپ ایکٹ کے کیسز کو سول جج سنیں گے، اور زیر سماعت درخواستوں کو ضلعی کمیٹی کے پاس بھیجنے کا اختیار بھی سول جج کے پاس ہوگا۔
پہلے یہ اختیار براہ راست انتظامی کمیٹی کو دیا گیا تھا۔
ٹربیونلز کی سربراہی حاضر سروس ایڈیشنل سیشن ججز کریں گے، جبکہ ٹربیونل کے عبوری حکم کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل کا راستہ بھی کھلا ہوگا۔
اعلیٰ سطح کی قانونی کمیٹی کی سربراہی ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز کر رہے ہیں، اور اس میں سیکرٹری قانون سمیت دیگر ماہرین شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق نئی ترامیم میں عدلیہ اور وکلا تنظیموں کو بھی شامل کیا جا رہا ہے، اور تمام فریقین کی منظوری کے بعد قانون میں تبدیلی کے بعد عدلیہ اور حکومت کے درمیان تنازعہ ختم ہو جائے گا۔
دیکھیں

