دکی کوئلہ کان میں میتھین گیس دھماکہ، ایک کان کن جاں بحق

news-banner

پاکستان - 08 جنوری 2026

بلوچستان کے ضلع دکی میں ایک مقامی کوئلہ کان میں میتھین گیس بھرنے سے زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں کان کا ایک حصہ بیٹھ گیا اور ایک کان کن ملبے تلے دب کر جان کی بازی ہار گیا۔


چیف انسپکٹر مائنز عبدالغنی کے مطابق واقعے کے فوراً بعد ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا جو تقریباً 20 گھنٹے تک جاری رہا، بعد ازاں جاں بحق کان کن کی لاش نکال لی گئی۔


یہ حادثہ بلوچستان میں کوئلہ کانوں میں پیش آنے والے مسلسل واقعات کی ایک اور مثال ہے، جہاں حفاظتی انتظامات کی کمی کے باعث کان کن آئے روز اپنی جانوں سے محروم ہو رہے ہیں۔

 

 پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن کے مطابق صرف 2025 میں صوبے بھر میں کان کنی کے مختلف حادثات میں 89 کان کن جاں بحق ہوئے، جبکہ گزشتہ آٹھ برسوں میں یہ تعداد 618 تک پہنچ چکی ہے۔


لیبر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ زہریلی گیس، چھتوں کے گرنے اور دھماکوں جیسے خطرات کے پیش نظر کان کنوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ریاست اور کان مالکان کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جس کے لیے فوری اصلاحات ناگزیر ہیں۔