کاروبار - 11 جنوری 2026
ایران کی امریکا کو سخت وارننگ، حملے کی صورت میں اسرائیل اور امریکی اڈے نشانہ بنانے کا اعلان
دنیا - 11 جنوری 2026
ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے کسی بھی قسم کی جارحیت کی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، جس میں اسرائیل اور خطے میں موجود امریکی فوجی اڈے براہِ راست نشانہ بنیں گے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کسی بھی حملے کو برداشت نہیں کرے گا اور کسی بھی امریکی کارروائی کی صورت میں سخت جوابی ردعمل دیا جائے گا۔
ایران میں ممکنہ امریکی مداخلت کے خدشات کے پیش نظر اسرائیل کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق صدر ٹرمپ کی جانب سے بار بار مداخلت کی دھمکیوں اور ایرانی حکومت کو مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال پر خبردار کرنے کے بعد اسرائیلی سیکیورٹی اداروں میں تشویش بڑھ گئی ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے تازہ بیان میں کہا کہ ایران ایک نئی آزادی کی طرف بڑھ رہا ہے اور امریکا ایرانی عوام کی حمایت کے لیے تیار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کی صورتِ حال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے اور کئی شہروں میں عوامی احتجاج جاری ہے۔
اسی تناظر میں اسرائیل نے ایران میں جاری مظاہروں اور ممکنہ امریکی کارروائی کے باعث اپنے سیکیورٹی اقدامات سخت کر دیے ہیں۔
ایک اسرائیلی ذریعے کے مطابق وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان فون پر ایران کی صورتِ حال اور امریکا کی ممکنہ مداخلت پر بات چیت بھی ہوئی، تاہم اس کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
دیکھیں

