تازہ ترین - 12 مارچ 2026
جلد، بال اور جوڑوں کے لیے کولیجن سپلیمنٹس کے فوائد اور ممکنہ خطرات
تازہ ترین - 12 مارچ 2026
حالیہ برسوں میں کولیجن سپلیمنٹس خوبصورت جلد، مضبوط بالوں اور صحت مند جوڑوں کے لیے مقبول ہو گئے ہیں، تاہم ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ ان کے استعمال کے ساتھ کچھ ممکنہ خطرات بھی ہیں۔
کولیجن انسانی جسم میں قدرتی طور پر پایا جانے والا ایک پروٹین ہے جو جلد، ہڈیوں، پٹھوں، ٹینڈنز اور کارٹلیج کی صحت برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
عمر کے ساتھ جسم میں کولیجن کی مقدار کم ہو جاتی ہے، جس سے جھریاں، جلد کی لچک میں کمی اور جوڑوں میں سختی پیدا ہو سکتی ہے۔
کولیجن سپلیمنٹس کے کچھ ممکنہ اثرات میں ہاضمے کے مسائل جیسے اپھارہ، معدے کی جلن یا متلی شامل ہیں، جو اکثر ہلکے ہوتے ہیں مگر طویل استعمال میں پریشانی پیدا کر سکتے ہیں۔
زیادہ تر کولیجن سپلیمنٹس مچھلی، چکن یا دیگر حیوانی ذرائع سے حاصل ہوتے ہیں، جس سے الرجی کا خطرہ بھی رہتا ہے۔
بعض اوقات ناقص معیار کے سپلیمنٹس میں بھاری دھاتوں کے معمولی ذرات پائے جا سکتے ہیں۔
گردوں کے مریض یا وہ افراد جو پہلے ہی زیادہ پروٹین لیتے ہیں، ان کے لیے اضافی پروٹین نقصان دہ ہو سکتا ہے۔
اگرچہ کچھ مطالعات سے جِلد کی نمی اور جوڑوں کے درد میں معمولی بہتری دیکھی گئی ہے، لیکن ماہرین کے مطابق کولیجن بڑھاپے کا کوئی جادوئی حل نہیں ہے۔
متوازن غذا، مناسب نیند، ورزش اور دھوپ سے حفاظت زیادہ مؤثر ہیں۔
ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ وٹامن سی سے بھرپور غذائیں، انڈے، مچھلی اور دالیں کولیجن کی قدرتی پیداوار میں مددگار ہیں۔
تمباکو نوشی سے پرہیز اور سورج کی تیز شعاعوں سے حفاظت بھی جلد کی صحت کے لیے ضروری ہے۔
کولیجن سپلیمنٹس بعض افراد کے لیے فائدہ مند ہو سکتے ہیں، لیکن استعمال سے پہلے ممکنہ خطرات کو سمجھنا اور طبی ماہر سے مشورہ کرنا بہتر ہے۔
دیکھیں

