غزہ میں بین الاقوامی استحکام فورس: بنگلہ دیش نے مشروط شمولیت پر غور کا اعلان کردیا

news-banner

دنیا - 12 جنوری 2026

بنگلہ دیش نے واضح کیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں مجوزہ بین الاقوامی استحکام فورس میں شمولیت پر صرف اسی صورت غور کرے گا جب چند بنیادی اور واضح شرائط پوری کی جائیں۔

 

چیف ایڈوائزر پروفیسر یونس کے پریس سیکریٹری شفیق الحق عالم کے مطابق بنگلہ دیش کی ممکنہ شمولیت کا انحصار زمینی صورتحال اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے باقاعدہ مینڈیٹ پر ہوگا۔

 

 انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش بطور ایک بڑے مسلم اکثریتی ملک کے ہمیشہ غزہ میں اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتا آیا ہے اور فوری جنگ بندی اور اسرائیلی افواج کے مکمل انخلا کا مطالبہ کرتا ہے۔

 

انہوں نے یاد دلایا کہ 17 نومبر 2025 کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ میں استحکام کے لیے ایک بین الاقوامی فورس کے قیام کی قرارداد منظور کی تھی، جس کی مسلم ممالک سمیت متعدد ریاستوں نے حمایت کی۔

 

پریس سیکریٹری کے مطابق بنگلہ دیش، جو عالمی امن مشنز میں نمایاں کردار ادا کرتا رہا ہے اور فلسطینی حقوق کا مضبوط حامی ہے،

 

 درج ذیل شرائط پر فورس میں شامل ہونے کے لیے تیار ہے: فورس عارضی ہو اور سلامتی کونسل کے مینڈیٹ کے تحت کام کرے، غزہ میں مستقل جنگ بندی ہو، تمام اسرائیلی افواج مکمل طور پر واپس جائیں اور غزہ کا انتظام فلسطینیوں کے حوالے کیا جائے۔

 

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بنگلہ دیش 1967 کی سرحدوں پر مبنی ایک خودمختار فلسطینی ریاست، جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو، کے قیام کی حمایت جاری رکھے گا۔

 

 حکومت کا کہنا ہے کہ حتمی فیصلہ اسی وقت ہوگا جب فلسطینی خودمختاری کے تحفظ کی ٹھوس ضمانتیں فراہم کی جائیں گی۔