رجب بٹ تنازع: شیخ عون کی مفاہمتی ویڈیو، اختلافات ختم کرنے اور معافی کا اعلان

news-banner

انٹرٹینمنٹ - 13 جنوری 2026

معروف پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ ان دنوں خاندانی تنازعات اور اپنی شادی سے متعلق معاملات کے باعث خبروں میں ہیں۔

 

 حال ہی میں رجب بٹ کی جانب سے اپنے سالے شیخ عون پر الزامات اور سخت تنقید کے بعد اب شیخ عون نے اس معاملے پر وضاحتی ویڈیو جاری کی ہے۔

 

ویڈیو پیغام میں شیخ عون نے کہا کہ ان پر یہ الزام لگایا جا رہا ہے کہ وہ اپنی بہن کا گھر خراب کرنا چاہتے ہیں، حالانکہ ان کی خواہش ہے کہ ایمان، کیوان اور رجب بٹ ایک خوشحال اور مضبوط خاندان کی طرح ساتھ رہیں۔

 

 انہوں نے قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر کہا کہ وہ ایمان اور کیوان کی خوشی کے لیے اپنے تمام اختلافات پسِ پشت ڈالنے کو تیار ہیں۔

 

شیخ عون نے مزید کہا کہ جو عناصر خاندان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، اللہ انہیں برباد کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کے جھکنے سے ایمان کا گھر دوبارہ آباد ہو جاتا ہے اور کیوان کو اپنے والد کی محبت مل جاتی ہے تو وہ اس کے لیے تیار ہیں۔

 

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ان کے کسی بیان یا الفاظ سے رجب بٹ کے خاندان کے کسی فرد کو دکھ پہنچا ہے تو وہ اس پر معذرت خواہ ہیں۔

 

 شیخ عون کے مطابق ایمان اور ان کی والدہ کے کچھ وائس نوٹس ایک پوڈکاسٹ میں لیک کیے گئے، جو قانونی اور اخلاقی طور پر قابلِ مذمت ہیں، اور اسی وجہ سے ایمان شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔

 

شیخ عون نے زور دیا کہ یہ معاملہ سوشل میڈیا کے بجائے خاندان کے اندر حل ہونا چاہیے اور ایمان اور کیوان کو ان کے جائز حقوق ملنے چاہییں۔

 

واضح رہے کہ اس سے قبل رجب بٹ نے شیخ عون پر سخت تنقید کرتے ہوئے ان پر فیملی معاملات کو سوشل میڈیا پر لانے، فین پیجز کے ذریعے بیانیہ بنانے اور ہمدردی حاصل کرنے کی کوششوں کا الزام لگایا تھا۔

 

 بعد ازاں رجب بٹ کی ساس لبنیٰ جبین نے بھی بیان جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کی بیٹی اور نواسے کو جان بوجھ کر بدنام کیا جا رہا ہے اور انہیں دھمکیوں کا سامنا ہے۔