کھیل - 16 جنوری 2026
اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس: امریکا اور برطانیہ کا ایران کو سخت پیغام
دنیا - 16 جنوری 2026
نیویارک : ایران کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں امریکی مندوب مائیک والٹز نے خبردار کیا ہے کہ ایران میں جاری تشدد روکنے کے لیے تمام آپشنز زیرِ غور ہیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی مندوب نے کہا کہ امریکا ایرانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ایران میں تشدد و جبر عالمی امن کے لیے خطرہ بن رہا ہے۔
انہوں نے ایران پر حزب اللہ اور حماس جیسی تنظیموں کی مالی معاونت اور مشرقِ وسطیٰ کو غیر مستحکم کرنے کے الزامات عائد کیے، اور کہا کہ صدر ٹرمپ عمل پر یقین رکھتے ہیں۔
امریکی مندوب کے مطابق ایران میں خواتین کو سر نہ ڈھانپنے پر قتل کیا گیا، جبکہ حکومت کمزور ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران بات چیت کی بات کرتا ہے مگر اس کا طرزِ عمل مذاکرات کے برعکس ہے، اسی لیے صدر ٹرمپ نے ایران کے خلاف تمام آپشنز کھلے رکھے ہیں۔
برطانوی مندوب نے بھی سخت مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ ایران میں ہزاروں ہلاکتوں اور گرفتاریوں کی اطلاعات تشویشناک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ بند کرنے کے باوجود ویڈیوز زمینی حقائق ظاہر کر رہی ہیں، جبکہ مظاہروں کو غیر ملکی سازش قرار دینا بے بنیاد ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ پالیسیوں میں تبدیلی نہ کی گئی تو مزید پابندیاں لگائی جا سکتی ہیں۔
روسی مندوب نے ایران کے خلاف طاقت کے استعمال اور دھمکیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے داخلی معاملات میں بیرونی مداخلت عالمی امن کے لیے خطرہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پابندیاں اور فوجی دباؤ غیر منصفانہ ہیں اور مسائل کا حل صرف سفارت کاری اور مکالمہ ہے۔
چینی مندوب نے تمام فریقین کو تحمل سے کام لینے اور بین الاقوامی قوانین کے تحت مسائل حل کرنے پر زور دیا، جبکہ یونانی اور ڈینش مندوبین نے بھی خبردار کیا کہ غیر ضروری فوجی دباؤ اور دھمکیاں صورتحال کو مزید خراب کریں گی۔
دیکھیں

