فضا علی کی بیٹی نے والد کی شادی میں شرکت کی، اداکارہ کا جذباتی ردعمل وائرل

news-banner

انٹرٹینمنٹ - 16 جنوری 2026

 پاکستانی اداکارہ اور مارننگ شو ہوسٹ فضا علی کی بیٹی فرال نے حال ہی میں اپنے والد کی دوسری شادی میں شرکت کی، اور اس کے مناظر اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔

 

فضا علی، جو پی ٹی وی کے مشہور ڈراموں جیسے مہندی، لو، لائف اور لاہور، سا تھ نبھانا ہے میں اداکاری کے لیے مشہور ہیں، اکثر اپنی پوسٹس یا بیانات کی وجہ سے سوشل میڈیا پر زیرِ بحث رہتی ہیں۔

 

 وہ اس وقت مارننگ شو مارننگ ود فضا کی میزبانی بھی کر رہی ہیں اور ٹک ٹاک پر 56 لاکھ، انسٹاگرام پر 13 لاکھ فالوورز رکھتی ہیں۔

 

ایک حالیہ ویڈیو میں فرال کو اپنے والد کی شادی کی تیاری کرتے دیکھا گیا، جہاں وہ خوبصورت گلابی اور آڑو رنگ کا لہنگا چولی پہنے تھیں اور اپنی مہندی بھی دکھا رہی تھیں۔

 

فضا علی نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا:

 

"زندگی ہمیشہ سیدھی نہیں ہوتی، کبھی کبھی وہ ہمیں ایسے موڑ پر لے آتی ہے جہاں شور نہیں ہوتا، صرف صبر بولتا ہے۔

 

 آج میری بیٹی فرال اپنے بابا کی نئی زندگی کے سفر کی تیاری خوشی اور معصوم مسکراہٹ کے ساتھ ریکارڈ کر رہی ہے۔

 

 اس لمحے نے مجھے یاد دلایا کہ رشتے بدل سکتے ہیں، مگر عزت، محبت اور والدین کی ذمہ داری کبھی ختم نہیں ہوتی۔"

 

انہوں نے مزید کہا:

 

"ہر کہانی کا انجام لڑائی نہیں ہوتا، کبھی کبھی سب سے خوبصورت انجام یہ ہوتا ہے کہ ہم اپنے بچوں کو مثبت سوچ، وقار اور مضبوطی سکھا دیتے ہیں۔ 

 

دعا ہے کہ فواد فاروق کی زندگی کا یہ نیا باب سکون، سمجھ بوجھ اور خوشیوں سے بھرا ہو۔"

 

واضح رہے کہ فضا علی کی شادی فواد فاروق سے ہوئی تھی اور دونوں کی ایک بیٹی فرال ہے۔