بیرسٹر گوہر نے جوڈیشل کمیشن اجلاس میں شرکت بانی پی ٹی آئی سے ملاقات سے مشروط کر دی

news-banner

پاکستان - 19 جنوری 2026

چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف بیرسٹر گوہر نے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں شرکت کا حتمی فیصلہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

 

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے نئے قوانین اور 27ویں آئینی ترمیم کے بعد اجلاس میں شرکت کے طریقۂ کار پر ابہام موجود ہے، جسے واضح ہونے کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

 

انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے 26ویں آئینی ترمیم پر تحفظات کے باعث گزشتہ جوڈیشل کمیشن اجلاسوں میں شرکت نہیں کی، تاہم کمیٹی کا حصہ ہوتے ہوئے بھی پارٹی اپنا مؤقف پیش کرنے کیلئے تیار تھی۔

 

بیرسٹر گوہر کے مطابق 27ویں آئینی ترمیم اور نئی عدالت کے قیام کے بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں ہو سکی، اور آئندہ لائحہ عمل اسی ملاقات کی بنیاد پر طے کیا جائے گا۔

 

اپوزیشن لیڈر کے نوٹیفکیشن سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ اسپیکر قومی اسمبلی کا صوابدیدی اختیار تھا اور نوٹیفکیشن اسی بنیاد پر جاری ہوا، جس پر پی ٹی آئی مطمئن ہے اور اسپیکر کی شکر گزار ہے۔

 

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے انتخاب پر بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ نوٹیفکیشن آج یا کل جاری ہو جائے گا، جبکہ بانی پی ٹی آئی نے دونوں رہنماؤں کو اپوزیشن لیڈر نامزد کیا ہے۔

 

انہوں نے واضح کیا کہ فی الحال جوڈیشل کمیشن کے اجلاس کا بائیکاٹ جاری ہے، تاہم بانی سے ملاقات کے بعد مستقبل کے فیصلے کیے جائیں گے۔

 

غزہ امن کمیٹی کے حوالے سے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ ایک سنجیدہ عالمی معاملہ ہے اور پاکستان کو مسلم امہ کے مؤقف کو مدنظر رکھتے ہوئے مثبت کردار ادا کرنا چاہیے، اس معاملے پر حتمی حکمت عملی پارلیمنٹ میں طے کی جائے گی۔