تازہ ترین - 20 جنوری 2026
گرین لینڈ تنازع پر ٹیرف کی دھمکی: یورپی ممالک نے ٹرمپ کو دو ٹوک جواب دے دیا
دنیا - 20 جنوری 2026
یورپی ممالک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے گرین لینڈ تنازع پر ٹیرف عائد کرنے کی دھمکیوں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے اور امریکی مؤقف کی کھل کر مخالفت کی ہے۔
یورپی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ دباؤ اور دھمکیوں کے ذریعے فیصلے مسلط نہیں کیے جا سکتے۔
برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے اتحادی ممالک کے خلاف امریکی ٹیرف کے استعمال کو غلط قرار دیا، جبکہ برطانیہ کی وزیر خارجہ یویٹ کوپر نے واضح کیا کہ گرین لینڈ کا مستقبل صرف وہاں کے عوام اور ڈنمارک کے فیصلے سے جڑا ہے، کسی بیرونی دباؤ سے نہیں۔
ڈنمارک کے وزیراعظم نے کہا کہ یورپ صدر ٹرمپ کی دھمکیوں میں نہیں آئے گا۔
ڈنمارک کے وزیر خارجہ نے بھی خبردار کیا کہ دھمکیوں کے ذریعے گرین لینڈ کا کنٹرول حاصل نہیں کیا جا سکتا اور کسی بھی امریکی فوجی کارروائی سے نیٹو اتحاد کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
فرانس، جرمنی اور ناروے نے بھی امریکی صدر کی ٹیرف دھمکیوں کو بلیک میلنگ قرار دے دیا ہے۔
یورپی ردعمل کے لیے یورپی یونین کا ہنگامی اجلاس جمعرات کو طلب کر لیا گیا ہے، جس میں ممکنہ جوابی اقدامات پر غور کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل صدر ٹرمپ نے گرین لینڈ پر امریکی قبضے کی مخالفت کرنے والے یورپی ممالک پر ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ان کے مطابق یکم فروری سے یورپی ممالک سے درآمد ہونے والی اشیا پر 10 فیصد جبکہ یکم جون سے یہ ٹیکس بڑھا کر 25 فیصد کرنے کا منصوبہ ہے۔
ان ممالک میں برطانیہ، ڈنمارک، ناروے، سویڈن، فرانس، جرمنی، نیدرلینڈز اور فن لینڈ شامل ہیں۔
صدر ٹرمپ نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ وہ اپنے مؤقف پر قائم ہیں اور مخالفت کی صورت میں ٹیرف نافذ کر دیے جائیں گے۔
دیکھیں

