ایرانی پولیس چیف کا مظاہرین کو 3 دن میں سرنڈر کرنے کا الٹی میٹم

news-banner

دنیا - 20 جنوری 2026

ایرانی پولیس چیف نے حکومت مخالف مظاہروں میں شریک افراد کو تین دن کے اندر سرنڈر کرنے کا الٹی میٹم دے دیا ہے۔

 

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران میں احتجاجی مظاہروں کے خلاف ریاستی کریک ڈاؤن مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

 

 ایران کے قومی پولیس چیف احمد رضا رادان نے سرکاری ٹی وی سے خطاب میں مظاہرین کو خبردار کیا کہ مہلت ختم ہونے کے بعد قانون پوری سختی سے حرکت میں آئے گا۔

 

انہوں نے کہا کہ وہ نوجوان جو دھوکے میں آکر مظاہروں میں شامل ہوئے، انہیں دشمن نہیں بلکہ گمراہ افراد سمجھا جائے گا، اور اگر وہ مقررہ وقت کے اندر خود کو قانون کے حوالے کر دیں تو ان کے ساتھ نرمی برتی جائے گی۔

 

 تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ تین دن کی مہلت ختم ہونے کے بعد کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔

 

واضح رہے کہ دسمبر کے اختتام پر مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی کے خلاف شروع ہونے والے مظاہرے جلد ہی ملک گیر احتجاج میں تبدیل ہو گئے، جنہیں مبصرین ایرانی قیادت کے لیے حالیہ برسوں کا سب سے بڑا چیلنج قرار دے رہے ہیں۔