کھیل - 04 مارچ 2026
مارگوٹ روبی نے مغل ملکہ نورجہاں سے منسوب تاریخی ہار پہن لیا
انٹرٹینمنٹ - 01 فروری 2026
سڈنی (ویب ڈیسک): ہالی ووڈ اداکارہ مارگوٹ روبی نے اپنی آنے والی فلم وتھرنگ ہائٹس کے لاس اینجلس پریمیئر پر ایک ایسا نایاب ہار زیب تن کیا جس نے فیشن کے ساتھ ساتھ تاریخ اور نوآبادیاتی ورثے پر نئی بحث چھیڑ دی۔
فیشن میگزین ووگ کے مطابق یہ ہار صدیوں پرانا مغل دور کا ہیرے کا زیور ہے جو ملکہ نورجہاں سے منسوب ہے اور ماضی میں معروف اداکارہ الزبتھ ٹیلر کی ملکیت بھی رہ چکا ہے۔
مارگوٹ روبی کی فلم وتھرنگ ہائٹس 13 فروری کو ریلیز ہو رہی ہے، جس میں وہ جیکب ایلورڈی کے ساتھ مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔
یہ فلم ایملی برونٹے کے مشہور گوتھک ناول پر مبنی ہے۔
پریمیئر کے موقع پر اداکارہ نے معروف ڈیزائنر اسکیپاریلی کا خصوصی کوتور لباس پہنا، تاہم توجہ کا مرکز دل کی شکل کا قیمتی ہیرا رہا جو جیڈ میں جڑا ہوا تھا اور سونے، روبی اور ہیرے کی چین کے ساتھ آویزاں تھا۔
ووگ کے مطابق اس ہار پر فارسی زبان میں عبارت کندہ ہے جس کا مطلب ہے کہ محبت ہمیشہ قائم رہتی ہے، جبکہ اس پر ملکہ نورجہاں کا نام بھی درج ہے۔
تاریخی روایات کے مطابق یہ ہار مغل بادشاہ جہانگیر نے اپنی اہلیہ نورجہاں کو محبت کی علامت کے طور پر پیش کیا تھا، بعدازاں یہ زیور ملکہ ممتاز محل تک پہنچا، جس کے باعث اسے تاج محل ڈائمنڈ کے نام سے جانا گیا۔
صدیوں بعد یہ نایاب ہار یورپی جیولری برانڈ کارٹیئر کے پاس آیا جہاں اسے نئے انداز میں ڈیزائن کیا گیا۔
1972 میں یہ ہار الزبتھ ٹیلر کو ان کے شوہر رچرڈ برٹن کی جانب سے تحفے میں دیا گیا۔
2011 میں نیلامی کے دوران یہ ہار 88 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا۔
مارگوٹ روبی کی جانب سے اس تاریخی ہار کا استعمال ایک بار پھر ان نوادرات پر بحث کا باعث بنا ہے جو نوآبادیاتی دور میں برصغیر سے باہر لے جائے گئے، جن میں کوہِ نور ہیرا بھی شامل ہے جس کی واپسی کا مطالبہ بھارت کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔
دیکھیں

