پاکستان ٹیکسٹائل کونسل کی وزیراعظم اور حکومت کی برآمدات دوست پالیسیوں کی بھرپور حمایت

news-banner

کاروبار - 01 فروری 2026

اسلام آباد: پاکستان ٹیکسٹائل کونسل (پی ٹی سی) نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی برآمدات دوست پالیسیوں کو سراہتے ہوئے ان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

 

پی ٹی سی نے ٹاپ ایکسپورٹرز کو اعزاز دینے کے وزیراعظم کے اقدام کو برآمدی شعبے پر اعتماد کا واضح ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ قدم برآمدات کے فروغ اور صنعت کے استحکام کے لیے حکومت کی سنجیدہ کوششوں کا حصہ ہے۔

 

چیئرمین پی ٹی سی فواد انور نے کہا کہ مشکل معاشی حالات میں ایکسپورٹرز کو مارکیٹ بیسڈ سپورٹ فراہم کرنا ایک دانشمندانہ فیصلہ ہے۔ 

 

ان کے مطابق وزیراعظم کی قیادت میں برآمدی صنعت پر مالی دباؤ کم کرنے کے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں۔

 

انہوں نے ایکسپورٹ ری فنانس فیسلٹی میں کمی کو حکومت اور اسٹیٹ بینک کے درمیان بہترین پالیسی ہم آہنگی قرار دیا، جبکہ صنعتی بجلی ٹیرف میں کراس سبسڈی کے خاتمے پر بھی حکومت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

 

چیئرمین پی ٹی سی نے وزیر تجارت جام کمال خان کی قیادت میں برآمدی شعبے کو فراہم کی جانے والی عملی سہولت کاری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پالیسیاں پاکستان کی برآمدات میں اضافے کا باعث بنیں گی۔

 

بھارت اور یورپی یونین کے ممکنہ معاہدے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خوف کے بجائے پاکستان کو اپنی مسابقتی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ دینی چاہیے۔

 

پاکستان ٹیکسٹائل کونسل نے حکومت کے ساتھ مل کر پائیدار برآمدی ترقی اور زرمبادلہ میں اضافے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔