ناسا نے سیکڑوں نوری سال دور موجود ’ستاروں کی نرسری‘ کی شاندار تصویر جاری کر دی

news-banner

تازہ ترین - 03 فروری 2026

امریکی خلائی ادارے ناسا نے خلا کی وسعتوں میں موجود ایک دلکش ’ستاروں کی نرسری‘ کی نئی تصویر جاری کی ہے، جہاں نئے ستارے جنم لے رہے ہیں۔

 

یہ تصویر لُوپس 3 نامی ستارہ ساز بادل کی ہے، جو زمین سے سیکڑوں نوری سال کے فاصلے پر واقع ہے۔ 

 

اس نایاب منظر کو ناسا کی ہبل اسپیس ٹیلی اسکوپ نے عکسبند کیا ہے، جس میں ستاروں کی پیدائش کے ابتدائی مراحل نمایاں طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

 

ناسا سے وابستہ سائنس دان مونیکا لاؤبیا کے مطابق بظاہر یہ منظر خوفناک محسوس ہو سکتا ہے، مگر حقیقت میں یہ علاقہ نئی زندگی اور ستاروں کی تشکیل سے بھرپور ہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ لُوپس 3 تقریباً 500 نوری سال کے فاصلے پر اسکارپیئس کے جھرمٹ میں موجود ایک سرگرم ستارہ ساز بادل ہے۔

 

تصویر میں روشن ٹی ٹاؤری ستارے بھی دکھائی دے رہے ہیں، جو نہایت کم عمر ستارے ہوتے ہیں اور فلکی ارتقا کے ابتدائی مراحل کی نمائندگی کرتے ہیں۔