مذاکرات کامیاب ہوں گے، ایران مڈنائٹ ہیمر جیسی کارروائی دوبارہ نہیں چاہے گا: ٹرمپ

news-banner

دنیا - 04 فروری 2026

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی ہے کہ ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کامیاب ہوں گے کیونکہ ایران مڈنائٹ ہیمر جیسی کارروائی کا دوبارہ سامنا نہیں کرنا چاہے گا۔

 

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور امکان ہے کہ اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

 

 ان کے مطابق ایران پیش رفت کا خواہشمند دکھائی دیتا ہے، تاہم یہ دیکھنا باقی ہے کہ مذاکرات کس حد تک نتیجہ خیز ثابت ہوتے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ اگرچہ ایران کے ساتھ مذاکرات ہو رہے ہیں، تاہم اگلی ملاقات کے مقام کا ابھی تعین نہیں ہو سکا۔

 

 ٹرمپ نے یاد دلایا کہ ماضی میں بھی ایران کو مذاکرات کا موقع دیا گیا تھا، لیکن ناکامی کے بعد امریکا نے آپریشن مڈنائٹ ہیمر کیا، اور اب ایران ایسی کسی کارروائی کو دوبارہ نہیں چاہے گا۔

 

امریکی صدر نے مزید کہا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کو جنگ کے بجائے تجارت کا مشورہ دیا، جس کے بعد دونوں ممالک مطمئن ہیں۔

 

 ان کا کہنا تھا کہ عالمی تنازعات کا حل بات چیت کے ذریعے نکالنا ان کی ترجیح ہے اور وہ یوکرین اور روس کی جنگ بھی ختم کروانا چاہتے ہیں۔

 

ٹرمپ کا دعویٰ تھا کہ واشنگٹن میں فوج کی تعیناتی کے بعد جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے اور قتل کے واقعات میں 97 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے، جس سے امریکی شہری پہلے سے زیادہ محفوظ ہو گئے ہیں۔