قازقستان کے صدر کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں استقبالیہ تقریب، گارڈ آف آنر پیش

news-banner

دنیا - 04 فروری 2026

اسلام آباد: قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں ایک پروقار استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

 

وزیراعظم ہاؤس آمد پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے معزز مہمان کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔

 

 دونوں رہنماؤں نے مصافحہ کیا اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا، جس کے بعد تقریب کا آغاز دونوں ممالک کے قومی ترانوں سے ہوا۔

 

مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے قازقستان کے صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

 

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ کے ارکان کا تعارف صدر توکایووف سے کرایا، جبکہ قازقستان کے صدر نے اپنے وفد کو وزیراعظم سے متعارف کروایا۔

 

بعد ازاں صدر قازقستان نے وزیراعظم ہاؤس کے احاطے میں یادگاری پودا بھی لگایا۔

 

واضح رہے کہ صدر قاسم جومارت توکایووف وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کے دورے پر ہیں۔ 

 

اس سے قبل پاکستان آمد پر نور خان ایئر بیس پر انہیں 21 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں نے فضائی سلامی بھی پیش کی۔