خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ 24 دہشت گرد ہلاک

news-banner

پاکستان - 06 فروری 2026

راولپنڈی: خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی دو کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 24 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، ضلع اورکزئی میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے دوران 14 دہشت گرد ہلاک ہوئے اور ان کے ٹھکانوں کو مکمل نشانہ بنایا گیا۔

 

اسی طرح ضلع خیبر میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں مزید 10 خوارج ہلاک ہوئے۔

 

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود کسی بھی بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔

 

قومی ایکشن پلان اور وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری کے تحت، پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے تک انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں پوری شدت سے جاری رکھیں گے۔