پاکستان - 06 فروری 2026
ازبکستان نے پاکستانی تاجروں کو 10 سال کے لیے ٹیکس استثنیٰ دینے کا اعلان کیا
دنیا - 06 فروری 2026
اسلام آباد: پاکستان کے دو روزہ دورے پر آئے ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف نے پاکستانی تاجروں کو 10 سال کے لیے ٹیکس استثنیٰ دینے کا اعلان کیا ہے۔
یہ اعلان پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تجارتی حجم میں اضافے اور کاروباری تعلقات کو فروغ دینے کے لیے اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان-ازبکستان بزنس فورم کے دوران کیا گیا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ازبکستان نے شرکت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات اور تجارتی روابط میں اضافہ خوش آئند ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نجی شعبوں کے درمیان 3 ارب 40 کروڑ ڈالر کے سمجھوتوں پر عملدرآمد اہم پیشرفت ہے اور گزشتہ بزنس فورم کے نتیجے میں باہمی تجارتی سرگرمیوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ سائنس، ٹیکنالوجی، توانائی، زراعت اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق ہوا ہے۔
پاکستان نے مہنگائی کم کر کے اقتصادی استحکام حاصل کیا ہے اور آئی ٹی کے شعبے میں نمایاں ترقی ہوئی ہے۔
ازبک صدر شوکت مرزائیوف نے فورم سے خطاب میں کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کثیرالجہتی ہیں اور بزنس فورم کے معاہدوں سے باہمی تعاون مزید مضبوط ہوگا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستانی تاجروں کو 10 سال کے لیے ٹیکس استثنیٰ دیا جائے گا اور صحت و ٹیکسٹائل کے شعبوں میں بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا۔
صدر مرزائیوف نے مزید کہا کہ 2026 دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ کا سال ہوگا اور ازبکستان میں کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول موجود ہے۔
دیکھیں

