وسیم اکرم کا بسنت کے محفوظ انعقاد پر پنجاب حکومت کو خراجِ تحسین

news-banner

کھیل - 06 فروری 2026

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ فاسٹ بولر وسیم اکرم نے لاہور میں بسنت فیسٹیول کے دوران مؤثر اور محفوظ انتظامات پر پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔

 

سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں وسیم اکرم نے کہا کہ انہوں نے بسنت کے موقع پر لاہور کی تصاویر دیکھی ہیں اور شہر بے حد خوبصورت نظر آ رہا ہے۔ 

 

انہوں نے کہا کہ بسنت کی خوشیاں انہیں اپنے بچپن کی یاد دلاتی ہیں اور وہ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے افراد اس تہوار کو کس قدر جوش و خروش سے منا رہے ہوں گے۔

 

وسیم اکرم نے پنجاب حکومت کو اس شاندار فیسٹیول کے کامیاب اور محفوظ انعقاد پر مبارکباد دی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومتی ہدایات پر مکمل عمل کریں اور کسی بھی غیر محفوظ سرگرمی سے اجتناب کریں۔

 

ان کا کہنا تھا کہ اگر بسنت کو ذمہ داری کے ساتھ منایا جائے تو یہ تہوار آئندہ برسوں میں بھی اسی خوشی اور جذبے کے ساتھ منایا جا سکتا ہے۔

 

وسیم اکرم نے مزید بتایا کہ وہ خود لاہور آ کر بسنت منانا چاہتے تھے، تاہم ورلڈ کپ کی مصروفیات کے باعث انہیں سری لنکا جانا پڑ رہا ہے۔ 

 

آخر میں انہوں نے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگ اس فیسٹیول کو خوشی مگر احتیاط کے ساتھ انجوائے کریں۔