بانی پی ٹی آئی کی بینائی صرف 15 فیصد رہ گئی، بیرسٹر سلمان صفدر کی سپریم کورٹ میں رپورٹ

news-banner

پاکستان - 12 فروری 2026

اسلام آباد: سپریم کورٹ میں فرینڈ آف دی کورٹ بیرسٹر سلمان صفدر نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان بروقت علاج نہ ملنے پر پریشان نظر آئے۔

 

رپورٹ کے مطابق ماہر امراضِ چشم ڈاکٹر عارف نے آنکھوں کا معائنہ کیا، تاہم علاج کے باوجود عمران خان کی آنکھ میں خون کے لوتھڑے بننے کے باعث شدید نقصان ہو چکا ہے اور ان کی بینائی صرف 15 فیصد باقی رہ گئی ہے۔

 

بیرسٹر سلمان صفدر کی رپورٹ میں کہا گیا کہ عمران خان نے بتایا کہ گزشتہ پانچ ماہ سے وکلا سے ملاقات نہیں ہو سکی، سردیوں میں صرف ایک چھوٹا ہیٹر فراہم کیا جاتا ہے، جبکہ گرمیوں میں ان کے سیل میں شدید حبس ہو جاتا ہے۔

 

رپورٹ کے مطابق عمران خان نے مچھروں اور کیڑے مکوڑوں کی شکایت کی، گرمیوں میں نیند پوری نہ ہونے اور بہنوں و رشتہ داروں سے ملاقات نہ ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا۔

 

بانی پی ٹی آئی نے بتایا کہ گرمیوں میں ریفریجریٹر کی سہولت میسر نہیں، فراہم کیا گیا کول باکس مؤثر نہیں ہوتا، اور انہیں دو سے تین مرتبہ فوڈ پوائزننگ کا سامنا کرنا پڑا۔

 

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملاقات کے دوران عمران خان کی آنکھوں سے پانی بہہ رہا تھا اور وہ بار بار آنکھیں صاف کر رہے تھے۔ 

 

مزید بتایا گیا کہ دو سال سے دانتوں کا معائنہ اور عمر کے مطابق باقاعدہ بلڈ ٹیسٹ بھی نہیں کرائے گئے۔

 

رپورٹ میں نشاندہی کی گئی کہ سیل میں موجود ٹی وی فعال نہیں اور وکلا سے ملاقات نہ ہونے کے باعث شفاف ٹرائل کا بنیادی حق متاثر ہو رہا ہے۔

 

 سفارش کی گئی کہ اہلِ خانہ سے بلا تعطل ملاقاتیں کروائی جائیں، مچھروں اور حشرات کے خاتمے کے اقدامات کیے جائیں اور سیل میں ریفریجریٹر جیسی بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔