ایران کی میزائل صلاحیت ’ریڈ لائن‘ قرار، محدود کارروائی کو بھی جنگ سمجھا جائے گا

news-banner

دنیا - 12 فروری 2026

سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیر علی شمخانی نے کہا ہے کہ ایران کی میزائل صلاحیت ناقابلِ مذاکرہ ہے اور اسے کسی بھی مذاکرات کا حصہ نہیں بنایا جا سکتا۔

 

تہران میں اسلامی انقلاب کی 47ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے خبردار کیا کہ ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی محدود فوجی کارروائی کو مکمل جنگ کا آغاز تصور کیا جائے گا۔ 

 

ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنی دفاعی طاقت پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

 

علی شمخانی نے امریکا پر زور دیا کہ وہ دھمکیوں کی بجائے سنجیدہ مذاکرات کا راستہ اختیار کرے۔

 

 یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں ممکنہ فوجی اقدامات اور خطے میں ایک اور بحری بیڑے کی تعیناتی کا اشارہ دیا تھا۔

 

ایرانی حکام کے مطابق ملک کی دفاعی اور میزائل صلاحیت قومی سلامتی کا بنیادی ستون ہے اور اس حوالے سے کسی بیرونی دباؤ کو قبول نہیں کیا جائے گا۔