فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات، سیکیورٹی اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال

news-banner

پاکستان - 15 فروری 2026

لاہور: چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورس، فیلڈ مارشل عاصم منیر، نے 12 تا 14 فروری تک جرمنی کا تین روزہ دورہ کیا، جہاں انہوں نے 62ویں میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں شرکت کی اور متعدد اہم ملاقاتیں کیں۔

 

اس دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، عالمی و علاقائی سیکیورٹی چیلنجز، اور انسداد دہشت گردی میں تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

جرمن حکام سے ملاقاتوں میں فیلڈ مارشل نے وفاقی وزیر داخلہ الیگزینڈر ڈوبرنڈٹ، جرمن چانسلر کے مشیر برائے خارجہ و سلامتی گنٹر ساٹر، اور وفاقی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس جنرل کارسٹن بریور سے ملاقات کی۔ 

 

ان ملاقاتوں میں عصری سیکیورٹی چیلنجز، دوطرفہ دفاعی تعاون، اور عالمی امن و استحکام کے فروغ کے لیے مکالمے کی اہمیت پر بات کی گئی۔

 

مزید برآں، فیلڈ مارشل اور سی ڈی ایف نے برازیلین مسلح افواج کے چیف آف جوائنٹ اسٹاف ایڈمرل ریناٹو روڈریگز ڈی اگوئیار فریرے سے بھی ملاقات کی، جس میں دوطرفہ عسکری تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

اس کے علاوہ، لبنان کی مسلح افواج کے کمانڈر جنرل روڈولف ہیکل نے بھی فیلڈ مارشل سے ملاقات کی، جس میں عالمی و علاقائی سیکیورٹی صورتحال، دفاعی تعاون کو مستحکم بنانے اور اشتراک بڑھانے کے اقدامات پر تفصیلی بات کی گئی۔