کھیل - 15 فروری 2026
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: بھارت نے پاکستان کو جیت کے لیے 176 رنز کا ہدف دے دیا
کھیل - 15 فروری 2026
کولمبو: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں بھارت نے پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔
میچ آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔
پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
ٹاس کے موقع پر دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ہاتھ نہیں ملایا۔
بھارت کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور اوپنر ابھیشیک شرما پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد ایشان کشن نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 40 گیندوں پر 77 رنز بنائے، تاہم وہ صائم ایوب کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
صائم ایوب نے 15ویں اوور میں ایک ہی اوور میں تلک ورما (25 رنز) اور ہاردک پانڈیا (صفر) کو پویلین واپس بھیجا۔
بھارت کی پانچویں وکٹ 159 رنز پر گری جب کپتان سوریا کمار یادیو 32 رنز بنا کر عثمان طارق کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
اس کے علاوہ شیوم دوبے نے 27 رنز بنائے جبکہ اکشر پٹیل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عثمان طارق، شاہین آفریدی اور سلمان علی آغا نے ایک ایک وکٹ لی، ایک بھارتی کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔
پاکستانی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
پلیئنگ الیون میں صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، بابر اعظم، سلمان علی آغا، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، ابرار احمد اور عثمان طارق شامل ہیں۔
بھارتی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں اور ابھیشیک شرما کے ساتھ کلدیپ یادیو کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا۔
دیکھیں

