تازہ ترین - 18 فروری 2026
رمضان کا چاند نظر آگیا، پاکستان میں کل پہلا روزہ ہوگا
پاکستان - 18 فروری 2026
پشاور: پاکستان میں رمضان کا چاند نظر آگیا ہے اور کل 19 فروری 2026 کو پہلا روزہ ہوگا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں منعقد ہوا جس کی صدارت چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔
اجلاس میں ڈی جی وزارت مذہبی امور حافظ عبدالقدوس، سپارکو کے نمائندے شوکت اللہ، محکمہ موسمیات کے نمائندے ڈاکٹر حسن علی بیگ اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے زین العابدین نے شرکت کی۔
پشاور کے علاوہ اسلام آباد اور دیگر صوبائی دارالحکومتوں میں بھی زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو ملک بھر سے 40 شہادتیں موصول ہوئیں، جن میں اپر دیر اور ضلع مہمند کی شہادتیں شامل تھیں۔
چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا کہ پاکستان کے مختلف حصوں میں رمضان کا چاند نظر آ گیا ہے اور یکم رمضان المبارک 1447 ہجری بروز جمعرات 19 فروری کو ہوگا۔
انہوں نے عوام کو رمضان کی آمد کی مبارکباد دی اور ماہ مقدس کا احترام کرنے کی تلقین کی۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ملک میں دشمن سرگرم ہیں لیکن اللہ کی مدد اور افواج کی قیادت کے تحت پاکستان محفوظ ہے۔
انہوں نے ملک میں اتحاد و وحدت، دہشت گردی کے خلاف افواج کی بہادری اور علماء کرام کی انتہا پسندی کے خلاف اقدامات کو سراہا۔
اجلاس سے قبل چیئرمین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ماہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے میں تعاون کریں تاکہ ملک بھر میں ایک ساتھ رمضان کا آغاز ہو سکے۔
دوسری جانب بنگلادیش اور بھارت میں بھی رمضان کا چاند نظر آ گیا ہے اور وہاں بھی کل 19 فروری کو پہلا روزہ ہوگا۔
دیکھیں

