بانی پی ٹی آئی سے 3 سے 4 بار ڈیل کی کوشش ہوئی مگر بات آگے نہ بڑھ سکی: جاوید لطیف

news-banner

پاکستان - 19 فروری 2026

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف نے انکشاف کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ تین سے چار مرتبہ معاملات طے کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم کوئی بھی ڈیل حتمی مرحلے تک نہیں پہنچ سکی۔

 

دنیا نیوز کے پروگرام آن دی فرنٹ میں گفتگو کرتے ہوئے جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ یہ معاملات کبھی عالمی دباؤ اور کبھی اندرونی عوامل کے تحت زیرِ غور آئے۔

 

انہوں نے دعویٰ کیا کہ سابق کرکٹرز کی جانب سے بھی خطوط لکھے جا رہے ہیں اور وہ ابتدا سے یہ مؤقف اختیار کرتے آ رہے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کی سہولت کاری ہو رہی ہے۔

 

جاوید لطیف نے مزید کہا کہ سہیل آفریدی کی جانب سے ٹاسک فورس بنانے کے اعلانات سامنے آ رہے ہیں، جبکہ مسلح جتھے تشکیل دینا نہ صرف سیاسی جماعت بلکہ ریاست کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔

 

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر بانی تحریک انصاف ڈیل کرنا چاہیں تو یہ دو منٹ کی بات ہے، تاہم وہ کسی قسم کی ڈیل نہیں کریں گے۔

 

شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ہر سیاسی جماعت میں اختلافِ رائے پایا جاتا ہے۔

 

 انہوں نے واضح کیا کہ علی امین گنڈاپور اور علیمہ خان کے درمیان ہونے والی گفتگو سے وہ لاعلم ہیں، تاہم ان کے بقول علی امین گنڈاپور کو یہ معاملہ پہلے ہی اٹھانا چاہیے تھا۔