امریکا کا شام سے فوجی انخلا کا عندیہ، خطے میں نئی سفارتی سرگرمیاں تیز

news-banner

دنیا - 19 فروری 2026

ایک سینیئر وائٹ ہاؤس اہلکار نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا آئندہ چند ماہ میں شام میں تعینات اپنی فوج کی بڑی تعداد واپس بلانے کی تیاری کر رہا ہے۔

 

برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں اہلکار کا کہنا تھا کہ شامی حکومت نے ملک کے اندر دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کی قیادت کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے، جس کے بعد امریکا کو وسیع فوجی موجودگی برقرار رکھنے کی ضرورت نہیں رہی۔

 

 تاہم انہوں نے واضح کیا کہ امریکا خطے میں کسی بھی ممکنہ خطرے کا مؤثر جواب دینے کے لیے تیار رہے گا۔

 

اہلکار کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ (Donald Trump) آج واشنگٹن میں بورڈ آف پیس کے پہلے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس کے دوران تعمیرِ نو فنڈ میں جمع شدہ رقوم کی تفصیلات پیش کی جائیں گی اور غزہ سے متعلق ایک انٹرنیشنل اسٹیبلائزیشن فورس کے قیام پر بھی اعلان متوقع ہے۔

 

 

انہوں نے مزید بتایا کہ اجلاس میں 47 ممالک کے وفود شریک ہوں گے، جن میں اسرائیل اور یورپی یونین کے نمائندے شامل ہیں۔

 

 امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو (Marco Rubio)، خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف (Steve Witkoff) اور جیرڈ کشنر (Jared Kushner) سمیت دیگر اہم شخصیات بھی خطاب کریں گی۔

البتہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان فرانس، برطانیہ، روس اور چین اس اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے۔