ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: کم ترین اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنانے والوں میں بابر اعظم سرفہرست

news-banner

کھیل - 19 فروری 2026

بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں کم ترین اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں سرفہرست آ گئے ہیں، جب کہ اپنا چوتھا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنے والے بابر کے اعداد و شمار ان کے حق میں نظر نہیں آتے۔

 

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے دوران بابر اعظم کی نیٹ سیشنز میں جارحانہ بیٹنگ اور میچز میں محتاط انداز نے کرکٹ حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

 

ایک پریکٹس سیشن کے دوران انہوں نے نسیم شاہ کی شارٹ گیند کو مڈوکٹ کے اوپر سے کھیلا، جب کہ سلمان مرزا کی آف اسٹمپ سے باہر شارٹ ڈلیوری پر زوردار اپر کٹ لگایا۔ 

 

لیگ اسپن کے خلاف شاداب خان اور ابرار احمد کی گیندوں پر بھی وہ قدموں کا بھرپور استعمال کرتے دکھائی دیے۔

 

تاہم ایک موقع پر نسیم شاہ کی لیگ کٹر گیند پر شاٹ غلط ٹائم ہونے پر بابر خود پر برہم بھی نظر آئے۔ 

 

یہ 20 سے 25 منٹ کا نیٹ سیشن بابر اعظم کے بیٹنگ کے دو مختلف رخ نمایاں کرتا ہے ۔

 

ایک جانب جارحانہ ارادے، دوسری جانب میچ میں وہی گیندیں محتاط انداز سے کھیلنا۔

 

اعداد و شمار کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کم از کم 500 رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں بابر اعظم کا اسٹرائیک ریٹ 111.81 ہے، جو سب سے کم ہے اور سابق کپتان محمد حفیظ کے اسٹرائیک ریٹ کے برابر ہے۔

 

موجودہ کپتان سلمان آغا اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے تجربے کی بنیاد پر بابر اعظم پر اعتماد برقرار رکھا ہے، تاہم اب بابر کو میدان میں اپنی کارکردگی سے اس اعتماد کو درست ثابت کرنا ہوگا۔