دنیا - 19 فروری 2026
اے آئی نے فلم سازی میں انقلاب برپا کر دیا، 200 ملین ڈالر معیار کی فلم صرف 24 گھنٹوں میں تیار
انٹرٹینمنٹ - 19 فروری 2026
سوشل میڈیا پر ایک اے آئی سے تیار کردہ فلمی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس نے عالمی فلم انڈسٹری کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی ہے۔
دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ مختصر فلم صرف 24 گھنٹوں میں مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کی گئی، جس کا بصری معیار 200 ملین ڈالر بجٹ کی ہالی ووڈ فلم کے برابر دکھائی دیتا ہے۔
یہ تقریباً تین منٹ پر مشتمل سائنس فکشن ویڈیو جرمن تخلیقی اسٹوڈیو The Dor Brothers نے جاری کی ہے، جس میں تباہ حال بڑے شہر، دھماکے، اور شاندار سینماٹک شاٹس دکھائے گئے ہیں جو حقیقت سے انتہائی قریب محسوس ہوتے ہیں۔
اسٹوڈیو کے مطابق اس ویڈیو کی تیاری میں نہ حقیقی اداکار شامل تھے، نہ کیمرہ، نہ ہی روایتی فلم سیٹس یا ویژول ایفیکٹس ٹیم۔
مکمل پروجیکٹ جدید اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے تیار کیا گیا، جس میں تصور، مناظر، کیمرہ موومنٹ اور ایڈیٹنگ سب شامل ہیں۔
واضح رہے کہ 200 ملین ڈالر کا حوالہ اصل بجٹ نہیں بلکہ اس فلم کی پروڈکشن ویلیو کے تناظر میں دیا گیا ہے۔
ویڈیو کو اسٹوڈیو کے اے آئی پلیٹ فارم DorLabs کے ذریعے تخلیق کیا گیا۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔
کئی ناظرین نے فوٹو ریئلسٹک مناظر اور اینیمیٹڈ موشن کی تعریف کی، جبکہ بعض نے کہانی کی کمی اور فزکس کی خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے اسے مکمل فلم کے بجائے ایک ٹیکنیکل ڈیمو قرار دیا۔
ماہرین کے مطابق یہ تجربہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اے آئی مستقبل میں فلم اور ویژول ایفیکٹس انڈسٹری کے روایتی طریقہ کار کو یکسر تبدیل کر سکتا ہے، اگرچہ انسانی جذبات اور مضبوط کہانی اب بھی اے آئی کے لیے ایک چیلنج بنی ہوئی ہے۔
دیکھیں

