ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کامیابی کیلئے فخر زمان کو موقع دینا ہوگا، روی چندرن ایشون کا مشورہ

news-banner

کھیل - 24 فروری 2026

سابق بھارتی کرکٹر روی چندرن ایشون نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بہتر کارکردگی کے لیے پاکستان ٹیم کو اہم مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پاکستان ٹورنامنٹ میں سنجیدگی سے کامیابی حاصل کرنا چاہتا ہے تو فخر زمان کو مڈل آرڈر میں شامل کرنے پر غور کرنا چاہیے۔

 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں روی چندرن ایشون کا کہنا تھا کہ فخر زمان اسپن بولرز کے خلاف جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں اور عادل رشید اور لیام ڈاسن جیسے اسپنرز کے خلاف سوئپ شاٹس اور کریز سے باہر نکل کر بڑے اسٹروکس کھیل سکتے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ درمیانی اوورز میں رنز کی رفتار تیز کرنا پاکستان کی کامیابی کے لیے نہایت ضروری ہے اور فخر زمان اس ذمہ داری کو مؤثر انداز میں نبھا سکتے ہیں۔

 

ایشون کے مطابق نیپال کی ٹیم نے بھی عادل رشید کے خلاف اسی حکمت عملی کو اپناتے ہوئے کامیابی حاصل کی، جہاں بلے بازوں نے اسکوائر شاٹس کھیل کر اسپنرز پر دباؤ بڑھایا۔

 

کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر بیٹرز وکٹ کے دونوں اطراف اسکوائر شاٹس کھیلیں تو مخالف کپتان کو فیلڈنگ میں تبدیلی کرنا پڑتی ہے، جس سے بڑے شاٹس کھیلنے کے مزید مواقع پیدا ہوتے ہیں، اور پاکستان ٹیم کو بھی یہی حکمت عملی اپنانا ہوگی۔