کراچی کی سڑکوں کی بحالی اور گل پلازہ متاثرین کیلئے اربوں روپے فنڈز کی منظوری

news-banner

پاکستان - 24 فروری 2026

سندھ کابینہ نے کراچی میں انفراسٹرکچر کی بہتری اور عوامی فلاح کے مختلف منصوبوں کیلئے اربوں روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی۔

 

اجلاس میں کراچی کی سڑکوں کی بحالی کیلئے 8 ارب 53 کروڑ روپے جبکہ گل پلازہ آتشزدگی سے متاثرہ افراد کیلئے 7 ارب روپے معاوضے کی منظوری دی گئی۔

 

 وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے فنانس کمیٹی کی سفارشات کابینہ کے سامنے پیش کیں جنہیں متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔

 

آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع تاریخی عمارت کے تحفظ کیلئے ایک ارب 57 کروڑ روپے مختص کیے گئے، جبکہ حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو ترقیاتی امور کیلئے 5 ارب 20 کروڑ روپے کی گرانٹ دی جائے گی۔

 

کچے کے علاقوں میں جاری آپریشنز کیلئے سندھ پولیس کو 56 کروڑ روپے فراہم کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

 

 اس کے علاوہ نوجوانوں کی آئی ٹی تربیت کیلئے پیپلز آئی ٹی پروگرام فیز ٹو کے تحت 90 کروڑ روپے مختص کیے گئے۔

 

 وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آئی ٹی تعلیم اور روزگار کے مواقع مستقبل کی ضروریات ہیں۔

 

کابینہ اجلاس میں ویمن ایگریکلچر ورکرز رولز 2026ء پر بھی غور کیا گیا، جن کے تحت زراعت، لائیو اسٹاک اور ماہی گیری کے شعبوں میں کام کرنے والی خواتین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ 

 

رولز میں مساوی اجرت، مقررہ اوقات کار، میٹرنٹی سہولیات اور ہراسانی سے تحفظ شامل ہے۔

 

اجلاس میں بے نظیر ویمن ایگریکلچر ورکر کارڈ اور بے نظیر وومین سپورٹ پروگرام کے قیام کی بھی منظوری دی گئی جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں مقدمات لیبر عدالتوں میں چلائے جائیں گے۔

 

سندھ کابینہ نے یونین کونسل 16 بائجی شریف سکھر کے چیئرمین شفقت اللہ بھٹو کو بدعنوانی اور بدانتظامی کے الزامات ثابت ہونے پر عہدے سے ہٹانے کی منظوری بھی دی۔

 

 

 عبوری طور پر وائس چیئرمین کو چیئرمین کے اختیارات سونپ دیے گئے ہیں اور معاملہ مزید کارروائی کیلئے الیکشن کمیشن کو بھیج دیا جائے گا۔