دفتر خارجہ کا بھارت پر پاکستان میں دہشتگردی کی سرپرستی کا الزام، افغان طالبان کے بیانات پر تشویش

news-banner

پاکستان - 26 فروری 2026

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں جبکہ بھارت مسلسل پاکستان مخالف پروپیگنڈا کر رہا ہے۔

 

 ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے اقدامات بھی خطے کے امن کے لیے خطرہ بن رہے ہیں۔

 

ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امیر قطر کی دعوت پر دوحا کا دورہ کیا جہاں دونوں ممالک نے تجارت، دفاع اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا جبکہ افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

انہوں نے مزید بتایا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں تاکہ فلسطین کے معاملے پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا جا سکے۔ پاکستان نے مغربی کنارے سے متعلق اسرائیلی اقدامات کی بھی مذمت کی۔

 

ترجمان کے مطابق سمجھوتا ایکسپریس حملے کی 19ویں برسی پر پاکستان نے واقعے میں ملوث افراد کو سزا نہ ملنے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے بھارت سے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔

 

دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان کی کارروائیاں افغان عوام کے خلاف نہیں بلکہ دہشتگرد عناصر کے خلاف ہیں اور اس حوالے سے شواہد اقوام متحدہ میں پیش کیے جا چکے ہیں، تاہم افغانستان کی جانب سے آنے والے دھمکی آمیز بیانات افسوسناک قرار دیے گئے۔

 

پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں نوجوانوں کی ہلاکت سمیت بھارتی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت جعلی مقابلوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔

 

 ترجمان نے کہا کہ افغانستان میں پاکستانی سفارتکاروں اور شہریوں کی سکیورٹی یقینی بنانا افغان حکومت کی ذمہ داری ہے۔