تازہ ترین - 26 فروری 2026
امریکا-ایران کشیدگی پر چین کا ردعمل، ایران کی حمایت اور مذاکرات کے ذریعے تنازع حل کرنے کی پیشکش
دنیا - 26 فروری 2026
بیجنگ: امریکا کی جانب سے ایران پر دباؤ بڑھانے اور خطے میں فوجی طاقت کے اجتماع کے بعد عالمی سطح پر تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے، جس پر چین نے ایران کی حمایت کرتے ہوئے کشیدگی کم کرنے پر زور دیا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ چین ایران کی موجودہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور ایران کے قومی مفادات، خودمختاری اور استحکام کے تحفظ میں حکومت اور عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔
ترجمان کے مطابق چین ہمیشہ مسائل کے سیاسی اور سفارتی حل کا حامی رہا ہے اور عالمی تنازعات میں دھمکیوں یا طاقت کے استعمال کی مخالفت کرتا ہے۔
انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کریں، جبکہ چین نے تنازع کے حل میں تعمیری کردار ادا کرنے کی پیشکش بھی کی۔
رپورٹس کے مطابق امریکا نے ایران پر جوہری مذاکرات کے لیے دباؤ بڑھاتے ہوئے اپنا بڑا بحری بیڑہ خطے میں تعینات کر دیا ہے جبکہ پرتگال میں قائم امریکی ایئر بیس سے طیاروں نے بھی ایران کے قریب پوزیشنز سنبھال لی ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے مقررہ مدت میں جوہری مذاکرات پر آمادگی ظاہر نہ کی تو سخت کارروائی کی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب اسرائیل نے لبنان کو خبردار کیا ہے کہ وہ حزب اللہ کو ایران کی حمایت میں کسی ممکنہ جنگ میں شامل ہونے سے روکے، بصورت دیگر سنگین نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔
دیکھیں

