سنیل گواسکر اور روی شاستری کی ٹی20 ورلڈ کپ کے انتظامات پر شدید تنقید

news-banner

کھیل - 02 مارچ 2026

سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر اور سابق ہیڈ کوچ روی شاستری نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران میچ میں تفریحی سرگرمیوں پر سخت اعتراض اٹھایا ہے۔

 

سپر ایٹ مرحلے میں بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ کے دوران پاور پلے کے بعد ڈرنکس بریک میں ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم کی روشنیاں مدھم کر کے لیزر شو پیش کیا گیا، جسے دونوں سابق کرکٹرز نے غیر ضروری قرار دیا۔

 

کمنٹری کے دوران سنیل گواسکر نے کہا کہ اچانک روشنی میں تبدیلی سے بیٹرز کی توجہ اور بینائی متاثر ہو سکتی ہے، جبکہ اندھیرے کے بعد دوبارہ تیز روشنی میں آنکھوں کو ایڈجسٹ کرنا کھلاڑیوں کے لیے مشکل ہوتا ہے۔ 

 

انہوں نے سوال اٹھایا کہ عالمی سطح کے سنجیدہ مقابلے میں ایسی تفریح کی کیا ضرورت ہے؟

 

روی شاستری نے بھی اس مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وقفے کے بعد دوبارہ مکمل فوکس کے ساتھ کھیل میں واپسی، خاص طور پر اہم لمحات میں، آسان نہیں ہوتی۔

 

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 195 رنز بنائے، جس کے جواب میں بھارت نے 19.2 اوورز میں ہدف حاصل کر کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ 

 

بھارت اب 5 مارچ کو وانکھیڈے اسٹیڈیم میں انگلینڈ کا سامنا کرے گا۔